ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کورونا وائرس سے پریشان عوام پر کاری ضرب، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ۔ ریاستی حکومت کے خلاف مہیلا کانگریس کا احتجاج

کورونا وائرس سے پریشان عوام پر کاری ضرب، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ۔ ریاستی حکومت کے خلاف مہیلا کانگریس کا احتجاج

Sun, 15 Nov 2020 23:29:12    S.O. News Service

میسورو،15؍نومبر(ایس او نیوز) ریاست کے عوام کورونا لاک ڈاؤن اور کووڈ 19-کی وجہ سے بری طرح متاثر ہیں۔ حکومت ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھاتی جارہی ہیں۔ ریاستی حکومت کو عوام کی کسی بھی زاویہ سے کوئی فکر نہیں ہے۔

حکومت کے اس عوام مخالف رویہ کی مذمت کرتے ہوئے ریاستی مہیلا کانگریس کی جانب سے بی جے پی قائدین کے نام پیاز، ٹماٹر سمیت دیگر ترکاریوں کو پارسل کے ذریعہ روانہ کرتے ہوئے ریاست بھر میں احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ یہ باتیں ریاستی مہیلا کانگریس یونٹ کی صدر پشپا امرناتھ نے کہیں۔

شہر کے کانگریس دفتر میں بروز جمعرات ایک اخباری کانفرنس طلب کرتے ہوئے پشپاامرناتھ نے کہاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اچھال آنے سے عوامی زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئی ہے۔ اس طرح متوسط اور غریب کنبوں کو مشکلات سے دوچار کیاگیا ہے۔ اس سلسلے میں بی جے پی قائدین اور ریاستی حکومت کو عوام کی حالات سے واقف اور آشنا کرنے کیلئے ریاست بھر میں مہیلا کانگریس کی جانب سے احتجاجی دھرنا دیئے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔ بھارت ماتا کی جئے کہنے والی رکن پارلیمان شوبھا کرندلاجے خواتین پر ہورہی دست درازی و تشدد معاملات میں چپی سادھ رکھی ہے۔ شوبھا کرندلاجے کی یہ خاموشی ناقابل فہم ہے۔ پشپا امرناتھ نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی رکن اسمبلی سدھو سودی کے خلاف بروقت کارروائی نہ کرنا باعث تشویش ہے۔ خود کی پارٹی کے خاتون رکن کے ساتھ نازیبا سلوک کرنے والے کے خلاف فوراً کارروائی کی جانی چاہئے تھی۔

اس موقع پر مہیلا کانگریس کی ضلع صدر لتا سدا شیٹی اور کے پی سی سی مہیلا یونٹ کی نائب صدر پشپاولی شریک رہیں۔ پشپاامرناتھ نے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بنگلور کے آرآر نگر اور سرا حلقوں کیلئے ہوئے ضمنی انتخابات میں بی جے پی والوں نے بے انتہا پیسہ خرچ کیا اور جیت حاصل کی۔ میں بھی آر آر نگر میں انتخابی مہم کا حصہ تھی۔ عوام نے کانگریس پارٹی کے حق میں رجحان دکھایاتھا۔ انتخابات سے دو تین دن قبل بی جے پی والوں نے ووٹ کے بدلے نوٹ کا لالچ دے کر عوام کو اپنی جانب راغب کیا۔


Share: